منگلورو، یکم اگست (ایس او نیوز) کیرالہ میں کووڈ کے تیزی سے بڑھتے معاملات اور کرناٹکا میں کووڈ تیسری لہر کی دستک کو محسوس کرتے ہوئے ضلع انتظامیہ نے کاسرگوڈ اور جنوبی کینرا کے درمیان بس سروس کو ایک ہفتہ کے لئے معطل کردیا ہے ۔
رکن پارلیمان نلین کمار کٹیل نے ڈپٹی کمشنر کے دفتر میں ڈسیاسٹر منیجمنٹ اتھاریٹی کے افسران کے ساتھ میٹنگ کے بعد اس بات کا اعلان کیا ۔ تازہ فیصلہ کے مطابق کیرالہ کے وہ طلبہ جو جنوبی کینرا کے کالجوں میں زیرتعلیم ہیں انہیں اپنے ہاسٹلس میں ایک ہفتے کے لئے کوارنٹین کیا جائے گا ۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر راجیندرا نے بتایا کہ کووڈ جانچ کی رفتار بڑھا دی جائے گی اور اگر ایک گھر میں بیک وقت دو کووڈ کیسس سامنے آتے ہیں تو ایسے گھروں کو "مائکرو کنٹینمنٹ زون" قرار دیا جائے گا۔" انہوں نے تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر کووڈ پوزیٹیو والے افراد باہر گھومتے پھرتے نظر آئے تو ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ تمام مذہبی ، سیاسی اور ثقافتی پروگراموں پر 10 اگست تک پابندی لگادی گئی ہے ۔ شادی کی تقریب میں صرف 50 افراد شریک ہوسکیں گے ۔ اگر اس سے زیادہ تعداد میں لوگ جمع ہوئے تو پھر شادی ہال والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔ اس پر نگرانی رکھنے کے لئے ہوم گارڈس کو تعینات کیا جائے گا ۔ کووڈ ویکسینیشن کے مراکز پر ہجوم پر قابو پانے کے لئے آن لائن رجسٹر کیے گئے لوگوں میں سے60% تا 80% کو روزانہ ویکسین لگایا جائے گا ۔